پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس، آپریشنل تیاریوں، سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ

Last Updated On 13 September,2018 09:22 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کا نیول ہیڈ کوارٹرز میں انعقاد، آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور موجودہ میری ٹائم صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہو گئی۔ کانفرنس کی صدارت چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کی۔

کمانڈ اینڈ سٹاف کانفرنس کو پاک بحریہ کی فیصلہ سازی کے نہایت اہم اجلاس کی حیثیت حاصل ہے جس میں تمام چیفس آف سٹاف، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں، منصوبوں اور آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہیں۔

کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کے سربراہ کو پاک بحریہ کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

شہدائے وطن اور قومی ہیروز بشمول پاک بحریہ کے شہدا کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں جنہوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانیں قربان کیں۔

سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لیتے ہوئے چیف آف دی نیول سٹاف نے میری ٹائم چیلنجز بشمول میری ٹائم سیکیورٹی کے ضمن میں پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور ٹروپس کے مورال اور جذبے کو سراہا۔

پاک بحریہ کے سربراہ نے حکومتِ پاکستان کے ”گرین پاکستان“ پروگرام میں موثر کردار ادا کرنے کے عزم کی تجدید کی اور تمام کمانڈز کو ہدایت کی کہ شجر کاری مہمات کے ذریعے ماحول کو محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں۔

Advertisement