اسلام آباد: (دنیا نیوز) فواد چوہدری کا کہنا ہے وزیراعظم ملک لوٹنے والوں کو الٹا لٹکائیں، اداروں کو تباہ و برباد کر دیا گیا، ڈاکوؤں کو ڈاکو نہ کہیں تو کیا کہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا سابقہ ادوار میں ملکی خزانے کو لوٹا گیا، ڈاکے کے پیسے مجروں پر لٹائے گئے، پی آئی اے، اسٹیل مل، ریڈیو کو تباہ کردیا گیا۔ انہوں نے کہا 30 سال کے تجربہ کار حکمرانوں نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، عوام کا پیسہ لوٹنے والوں کو کڑی سزا ملنی چاہیے، بیرون ملک ٹیکسی چلانے والے کو بلا کر ڈی جی ریڈیو لگا دیا گیا، ہمیں کہا جا رہا ہے چندے پر حکومت چلائی جا رہی ہے۔
قبل ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت لیز پر دینے کیخلاف توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیراطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ‘‘پیپلز پارٹی کی بناء وژن کی پالیسی پر شکریہ’’۔
فواد چودھری کا کہنا تھا پیپلز پارٹی نے ریڈیو پاکستان سمیت ہر ادارے میں منظور نظر افراد بھرتی کیے، خورشید شاہ نے 3 روز میں 800 افراد کی بھرتی کرائی جس سے ریڈیو پاکستان پر7 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ انکا کہنا ہے کہ حکومت سالانہ 5 ارب روپے ریڈیو پاکستان میں ڈبو رہی ہے۔