پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی میں ہندوستان ملوث، فرخ حبیب

Last Updated On 30 September,2018 05:35 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی دہشتگرد پاکستان کا امن تباہ کرنے میں ملوث رہے۔

فیصل آباد میں پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی میں ملوث ہے اور پاکستان امن کی جنگ میں اپنے 10 ہزار فوجیوں کی جانیں قربان کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو پاکستان میں کس قسم کی کاروائیوں میں ملوث تھا یہ ساری دنیا جانتی ہے۔ سابق حکومت نے کبھی بھارت کے خلاف ایک لفظ بولنے کی بھی ہمت نہیں کی جبکہ کلبھوشن یادیو جیسے بھارتی دہشتگرد پاکستان کا امن تباہ کرنے میں ملوث رہے۔

پاکستان ریلوے کی تباہی سے متعلق بات کرتے ہوئے میاں فرخ حبیب کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے ریلوے کو تباہ کر کے رکھ دیا تھا۔ اب ٹرین پٹڑیوں پر دوڑے گی اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر کیلئے بجٹ مختص کرنے کا مشورہ دینے والے خورشید شاہ خود ملک کے دشمن ہیں اور ان سے پاکستان کی ترقی برداشت نہیں ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین وزیرِاعظم عمران خان کے منشور کے مطابق تبدیل کر دئیے گئے ہیں لیکن کرکٹ ٹیم پرانی کمیٹی کی منتخب کردہ تھی، اب کرکٹ ٹیم کی بہتری کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔