اسلام آباد: (دنیا نیوز) سعودی عرب کا اعلی سطحی وفد مختلف معاہدوں پر دستخط کیلئے پاکستان پہنچ گیا۔ ارزاں نرخوں پر پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی اور گوادر میں آئل ریفائنری قائم کرنے سمیت معاملات طے کئے جائیں گے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین بلوچستان میں سونے اور تانبے کے بیش قیمت ذخائر ریکوڈک میں سرمایہ کاری، ایل این جی گیس فیلڈ اور پاور پلانٹس میں تعاون کے طریقہ کار پر بھی گفتگو ہو گی۔
سعودی وفد گوادر بندرگاہ اور ریکوڈک منصوبے کا بھی دورہ کرے گا۔ وزیر اطلاعات فواد چودھری کے مطابق وفد میں سعودی وزیر خزانہ، پٹرولیم اور توانائی بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پاکستان اور سعودی عرب نے سی پیک منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی معاہدہ کیا ہے۔