ریاض (نیٹ نیوز ) سعودی عرب میں حکام کو دہشت گردی سے متعلق سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں مطلوب تین دہشت گرد مشرقی صوبے القطیف میں سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاک ہوگئے ہیں۔
سعودی عرب کی ریاستی سکیورٹی کے ترجمان نے جمعرات کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ ان تینوں مطلوب افراد کی نگرانی کی جارہی تھی ۔ان کا صوبہ القطیف کے وسط میں واقع علاقے الکویکب میں ایک مکان میں موجود ہونے کا پتا چلا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے ان کی گرفتاری کے لیے اس مکان کا گھیراؤ کر لیا اور تینوں دہشت گردوں سے خود کو حکام کے حوالے کرنے کا کہا لیکن انھوں نے سکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ شروع کردی جس کے جواب میں سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے وہ تینوں مارے گئے ہیں۔
تینوں ہلاک شدگان سعودی شہری ہیں اور ترجمان نے ان کے نام محمد حسن احمد آل زاید ، مفید حمزہ علی العلوان اور خلیل ابراہیم حسن آل مسلم بتائے ہیں۔
ان کے خلاف کارروائی میں تین سکیورٹی اہلکار معمولی زخمی ہوئے ہیں لیکن علاقے کے کسی مکین یا کسی راہگیر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔