اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں ٹرائل کورٹ کی جانب سے 7 سال قید و جرمانے کی سزا کیخلاف شعیب شیخ کی اپیل پر فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے ایگزیکٹ کیس میں ٹرائل کورٹ کی سزا کے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت کی۔ درخواست گزار شعیب شیخ کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ ڈسٹرکٹ جج نے سات سال سزا اور جرمانے کا فیصلہ دیتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا، ایف آئی اے کی جانب سےایگزیکٹ کے خلاف بنایا گیا مقدمہ بے بنیاد تھا، ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے ملزم کی اپیل پر ایف آئی اے سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔ پانچ جولائی کو مقامی عدالت نے شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو سزا سنائی تھی، ایف آئی اے نے 25 ستمبر کو شعیب شیخ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی تھی۔