لاہور: جوہر ٹاؤن اور انار کلی میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا آغاز

Last Updated On 02 October,2018 02:25 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں سبزہ زار، انارکلی، ولنگٹن روڈ اور اردو بازار میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے تجاوزات کے خاتمے کا حکم دیا تو لاہور کی انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی، قبضہ مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ جوہر ٹاؤن ای بلاک میں قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن کیا گیا، مبینہ طور پر منشا بم کے زیرقبضہ زمین واگزار کرالی گئی۔

صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید بھی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی نگرانی کیلئے جوہر ٹاؤن پہنچے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر قبضہ مافیا کیخلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رکھیں گے۔ ڈپٹی کمشنرلاہور نے جوہر ٹاؤن میں موجود جھگی والوں کو بھی ایک روز کا نوٹس دے دیا۔ انارکلی، سبزہ زار، ولنگٹن روڈ اور اُردو بازار میں بھی آپریشن جاری ہے، آپریشن میں ہیوی مشینری کا استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ 9 محکمے گرینڈ آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ آپریشن سے ایک روز قبل ریڈ کراس کے 2 ہزار سے زائد نشان لگا ئے گئے تھے۔ وزیر اعلٰی پنجاب نے آپریشن ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ٹاسک دیا ہے۔

ادھر پنجاب حکومت کی ہدایت پر گوجرانوالہ میں تجاوزات اور سرکاری اراضی پر قابض افراد کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کے دوران دکانوں اور عمارتوں کو مسمار کیا جا رہا ہے۔ آپریشن میں ضلعی انتظامیہ، کارپوریشن، پی ایچ اے، پی ٹی سی ایل اور دیگر محکموں کے عملہ بھی حصہ لے رہا ہے۔ کسی بھی ممکنہ رد عمل سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری بھی موجود ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ آپریشن بلا تفریق اور بلا امتیاز ہو گا، کسی کے ساتھ رعایت نہیں کی جائے گی، جب تک شہر سے تجاوزات کا خاتمہ نہیں ہو جاتا آپریشن اسی طرح جاری رہے گا۔ شہریوں نے تجاوزات اور قبضہ مافیہ کے خلاف آپریشن کو سراہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن بہت جلد شروع ہو جانا چاہیے تھا، اب آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔

ملتان کے علاقے شمس آباد روڈ پر ضلعی انتظامیہ نے تجاوازات کیخلاف آپریشن کرتے ہوئے 5 دکانیں اور ایک گھر مسمار کر دیا۔ آپریشن کے دوران گرائی گئی دکانیں اور گھر سرکاری زمین پر بنائے گئے تھے اور 30 سال سے سرکاری جگہ قبضہ مافیا کے پاس تھی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق تجاوزات گرانے سے پہلے رہائش پذیر لوگوں اور دوکانوں میں کام کرنے والوں کو نوٹسز بھی دیئے گئے تھے، تاہم شہر میں تجاوزات کیخلاف شروع کیا گیا آپریشن کلین اپ ایک ماہ تک جاری رہے گا جس میں حرم گیٹ، دولت گیٹ اور چوک گھنٹہ گھر سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تجاوزات ختم کی جائیں گی۔ شمس آباد روڈ پر تجاورزات کیخلاف کیئے گئے آپریشن میں ضلعی انتظامیہ کیساتھ پولیس کی بھی نفری موجود تھی۔