کوئٹہ: (دنیا نیوز) جسٹس ریٹائرڈ امان اللہ خان یاسینزئی نے بلوچستان کے 24ویں گورنر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔
حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس کوئٹہ میں منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس طاہر صفدر نے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں وزیرِاعلیٰ بلوچستان جام کمال خان، سپیکر صوبائی اسمبلی عبدالقدوس بزنجو، صوبائی وزرا، ارکان بلوچستان اسمبلی اور سینئر وکلا نے شرکت کی۔
نومنتخب گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی 7 اگست 1954ء کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے ایف سی کالج لاہور سے گریجویشن اور ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
1981ء میں قانون کی ڈگری حاصل کی جس کے بعد 1997ء میں بلوچستان سے جج کی حیثیت سے فرائض انجام دیے، بعد ازاں 2005ء سے 2009ء تک بلوچستان ہائی کورٹ کے چیف جسٹس رہے۔