اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے بجلی اور گیس کی قیمتیں بڑھانے کے فیصلےکو درست قرار دے دیا۔ انہوں نے مالیاتی پالیسی مزید سخت کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بڑھتا خسارہ، کم ہوتی معاشی ترقی اور زرمبادلہ ذخائر بڑے چیلنجز ہیں، جن پرقابو پانا ہوگا۔
وفد کی واپسی پر جاری پریس ریلیز کےمطابق، پاکستان کے ساتھ آرٹیکل چار کے تحت معاشی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے، مالیاتی ادارے کا کہنا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، معیشت کی بہتری کے لیے کچھ اقدامات اٹھائے گئے لیکن یہ ناکافی ہیں، پاکستان کے لیے بیرونی ادائیگیوں کا دباؤ روپے کی قدر میں کمی کا سبب بن سکتا ہے، تیل کی بڑھتی قیمتیں پاکستان کے لیے مزید مشکلات کا سبب بن سکتی ہیں۔
آئی ایم ایف کےمطابق اینٹی منی لانڈرنگ قوانین کو مزید مستحکم بنانے، ٹیکس اصلاحات اور ٹیکس آمدن بڑھانے کی ضرورت ہے، گیس اور بجلی کے نرخ بڑھانا درست فیصلہ ہے، سرکاری اداروں کے نقصانات کم کرنے ہوں گے۔