اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے موٹروے پولیس میں دوسرے محکموں سے آئے تمام افسران کو واپس بھجوانے کا حکم دے دیا۔ موٹر وے پولیس کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کرنے کی ہدایت بھی کی۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے موٹروے پولیس میں افسران کی شمولیت کے معاملے پر سماعت کی۔ عدالت نے حکم دیا کہ موٹروے پولیس میں ڈیپوٹیشن پر آئے تمام افسران ان کے اصل محکموں کو واپس بھجوائے جائیں۔ گریڈ سات سے اوپر کے تمام اہلکار بتدریج واپس بھیجے جائیں۔
عدالت نے موٹر وے پولیس کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتیاں کرنے کی ہدایت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی کہ افسران کو اگر ان کے اصل اداروں کو واپس بھجوایا گیا تو پھر وہاں ان کی سینیارٹی کے مسائل پیدا ہوں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اپنے اصل محکموں میں واپس جانے والے افسران کو وہاں اپنے بیج میٹ کے برابر سینیارٹی ملے گی۔