اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ اجلاس کے دوران راجہ ظفر الحق نے معاملہ اٹھایا اور ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔ انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات پر ایوان بالا سے دس ارکان کی نامزدگی کیلئے تحریک منظور کر لی گئی۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ سینیٹ میں اپوزیشن رہنما راجہ ظفرالحق نے اٹھایا۔ اظہار خیال کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق نے کہا کہ آئی ایم ایف وہ حکیم ہے جس سے علاج کرانے والا مریض کبھی شفایاب نہیں ہوتا، گیس کی قیمتوں میں اضافہ سے مہنگائی کا طوفان آئے گا۔
گیس کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف متحدہ اپوزیشن کا سینیٹ سے واک آؤٹ کیا۔ حکومتی سینیٹرز اپوزیشن اراکین کو منا کر اجلاس میں واپس لے آئے۔
سینیٹ میں پشاور یونیورسٹی میں فیسیوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کا معاملہ بھی زیر بحث آیا۔ لیگی سینیٹر جاوید عباسی نے پشاور یونیورسٹی کے معاملے کو سینیٹ کی داخلہ کمیٹی کے سپرد کرنے کا مطالبہ کیا جس پر قائد ایوان شبلی فراز نے کہا کہ پشاور یونیورسٹی کے معاملے پر انکوائری کرائی جائے گی، اس پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی بنائیں گے۔ شبلی فراز نے ایوان کو بتایا کہ گیس کی قیمتوں میں اضافہ گردشی قرضوں میں اضافے کے باعث کیا۔