لاہور: (روزنامہ دنیا) نیب نے پیرا گون سوسائٹی اسکینڈل میں خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کو 16 اکتوبر کو دوبارہ طلب کر لیا۔
نیب نے اس سے قبل بھی خواجہ برادران کو پیراگون سوسائٹی کیس میں طلب کر چکی ہے۔ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق متعدد دفعہ اس اسکینڈل میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہو کر اپنا ریکارڈ جمع کروا چکے ہیں تاہم نیب نے دونوں بھائیوں کو اثاثہ جات اور بینک کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم بھی دیا تھا۔
طلبی کے حوالے سے اپنے ردعمل میں خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ ہمیں گھیرا ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایسا کوئی کام نہیں کیا جس سے شرمندگی ہو۔ گرفتاریاں اور انتقامی کارروائیاں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، افسوس عمران خان نے ماضی سے سبق نہیں سیکھا، عمران خان کو یہ کھیل بہت مہنگاپڑے گا، ہم نے ملک کی بے لوث خدمت کی ہے۔