کراچی: (دنیا نیوز) سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کو نہیں مانتے، کراچی میں ٹرانسپورٹرز نے قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا اور ہڑتال کی دھمکی بھی دیدی۔ وفاق کی منظوری کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی سی این جی 108.90 فی کلو ہو گئی، قیمتوں میں اضافے پر شہری بھی پھٹ پڑے۔
کراچی میں ٹرانسپورٹرز نے سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ نامنظور قرار دیتے ہوئے ہڑتال کی دھمکی دیدی۔ شہر قائد میں سی این جی کی قیمتوں میں 20 روپے اضافہ کیا گیا جس کے بعد قیمت 105روپے ہو گئی۔
کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے قیمتوں میں اضافے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا، ٹرانسپورٹرز نے کہا کہ پیر کو اجلاس میں مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو ہڑتال کریں گے، سی این جی کی قیمتیں بڑھنے پرشہریوں نے بھی غصے کا اظہار کیا ہے۔
وفاق کی منظوری کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی سی این جی مہنگی ہو گئی۔ نئی قیمت 12 روپے بڑھائی گئی ہے، پشاور میں ٹرانسپورٹرز نےکرائے بڑھانے کی دھمکی دی، عوام بھی پھٹ پڑے۔
خیبر پختونخوا میں پہلے سی این جی 96.90 روپے میں دستیاب تھی تاہم اب بڑھ کر 108.90 روپے کی ہو گئی ہے۔