اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق دور میں وفاقی دارالحکومت کی شاہراہوں کو پولیس ناکہ فری بنانے کے نام پر قومی خزانے کو 41 کروڑ روپے کا چونا لگایا گیا۔ داخلی راستوں پر ڈیوائسز اور کیمروں پر مشتمل آر ایف آئی ڈی سسٹم نصب کیا گیا جو فنکشنل ہوئے بغیر ناکارہ ہو گیا۔
سابق وزیرِاعظم نواز شریف دور میں 41 کروڑ روپے کی لاگت سے فیض آباد، سرینہ چوک اور نادرا چوک پر سیمنٹ کے پول بنا کر کیمرے اور چہرہ شناسی کے آلات نصب کئے گئے، ان کیمروں اور ڈیوائسسز کو سیف سٹی اور نادرا سے ملایا جانا تھا مگر یہ چلے بنا ہی ناکارہ ہو گئے۔
فیض آباد میں لگے کیمروں کو پہلے دھرنے والوں نے تباہ کیا جبکہ کچھ گاڑیوں کی ٹکر سے ٹوٹ گئے۔ ریڈ زون میں روزانہ جانے والوں کو سپیشل ٹیگ فراہم کئے جانے تھے تا کہ ان کو چیکنگ نہ کرانا پڑے لیکن ٹیگ ایشو ہی نہیں ہوئے۔
سابق حکومت کے اس سسٹم کی مدد سے پولیس ناکے ختم کرنےکے دعوے، انتظامیہ اور پولیس کی نااہلی کے باعث ہوا ہو گئے۔