اسلام آباد: (دنیا نیوز) نواز شریف کا کہنا ہے وفاقی حکومت کا ای اسی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیرآئینی و غیرقانونی ہے۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ آئین کے تحت کسی بھی شخص کو اس کی آزادی کے حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا، تمام شہریوں کے حقوق مساوی ہیں، بدعنوانی یا اختیارات کے غلط استعمال کا کوئی جرم نہیں کیا، ریاست کیخلاف کوئی سازش یا دہشتگردی بھی نہیں کی۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ نیب میرے خلاف کرپشن کے الزامات ثابت نہیں کرسکی، احتساب عدالت نے کرپشن کے الزامات سے بری کیا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے نیب ریفرنس میں سزا کو معطل کر دیا۔ انہوں نے کہا نیب نے 19 ستمبر کے عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل دائر نہیں کی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے میں بیرون ملک سفر پر پابندی نہیں لگائی۔
یاد رہے سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ سے رابطہ کر کے نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست کی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نے 4 اکتوبر کو وزارت داخلہ کو درخواست کی تھی، درخواست پر جواب نہ آنے کے بعد دوبارہ رابطہ کیا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں، ای سی ایل سے نام نکالا جائے۔