اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ کی پارلیمانی امور سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن حکام نے آر ٹی ایس سے متعلق بریفنگ دی۔ قائمہ کمیٹی نے الیکشنز ترمیمی بل متفقہ طور پرمنظور کر لیا۔
سینیٹ کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے کئی سوالات اٹھائے۔ جاوید عباسی نے پوچھا کہ آرٹی ایس میں خامیاں تھیں توالیکشن کمیشن نے مخالفت کیوں نہ کی، الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ پی پی 20 چکوال میں آر ٹی ایس کا تجربہ کیاگیا جو 20 فیصد کامیاب رہا۔ جس پر جاوید عباسی نے کہا کہ 20 فیصد کامیابی کے باوجود نظام الیکشن میں استعمال کیوں کیا، حکام نے بتایا کہ بہت سے آراوز کے پاس اپنے موبائل فون نہیں تھے۔
دریں اثنا سسی پلیجو نے کہا کہ انتخابات سے قبل ہی آر ٹی ایس پرتحفظات کا اظہار کیا تھا، 21 مئی کو ہی کہہ دیا تھا آر ٹی ایس تجربہ ناکام رہےگا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 6 اگست تک آرٹی ایس بل کاحصہ نہیں تھا تاہم 22 اگست کو بل میں شامل کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سینیٹ قائمہ کمیٹی نے الیکشنز ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا۔