کراچی پولیس کا منشیات فروشوں کیخلاف بڑا آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 11 October,2018 10:23 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سے منشیات کے اڈوں کا صفایا کرنے کے لیے پولیس نے بڑا آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کا کہنا ہے کہ شہر قائد کو جرائم اور منشیات فروشوں سے پاک کرنا اولین ترجیح ہے۔

کراچی پولیس نے منشیات کے اڈوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے 3 زونز کے ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کردیے۔ کراچی پولیس چیف نے اسٹریٹ کرائم کی بڑی وجہ منشیات کو قرار دے دیا۔ کراچی پولیس چیف کی طرف سے ڈی آئی جیز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کے درمیان گہرا گٹھ جوڑ سامنے آیا ہے جبکہ طلباء و طالبات میں بھی منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

خط میں تینوں زونز کے ڈی آئی جیز کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنے اپنے اضلاع میں منشیات کے اڈے فوری بند کرائیں۔ پولیس کی طرف سے کراچی کے مختلف علاقوں میں منشیات فروشی کے 30 بڑے اڈوں کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے، جس میں چنیسر گوٹھ اور شیریں جناح کالونی میں قائم منشیات کے اڈوں کو سرفہرست قرار دیا گیا ہے۔ لیاری، سہراب گوٹھ، سچل اور ملیر کے علاقوں میں قائم منشیات کے اڈے بھی فہرست میں شامل ہیں۔