ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی پر جنسی ہراسگی کا الزام

Last Updated On 11 October,2018 10:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کی خاتون صحافی نے ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگا دیا، می ٹو مہم کے ذریعے عروج ضیاء نامی خاتون نے مبینہ واقعے کی تفصیلات سوشل میڈیا پر شیئر کردیں، فیصل ایدھی نے واقعے کی تردید کر دی۔

سماجی رہنماء اور ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی پر سوشل میڈیا پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگ گیا۔ کراچی کی خاتون صحافی نے ٹویٹ پر سماجی رہنماء فیصل ایدھی پر الزامات کی بارش کردی۔ عروج ضیاء نامی خاتون نے می ٹو مہم کے ذریعے فیصل ایدھی پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام دھر دیا۔ 35 سالہ عروج ضیاء کے مطابق فیصل نے انہیں ہاتھ ملانے کے دوران جنسی ہراساں کیا۔ اس کے بعد انہیں فیصل ایدھی کی جانب سے ایک نہ ختم ہونے والا فون پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دوستی کی آفر بھی کی اور انکار کی صورت میں فنڈ ریزنگ میں مدد روکنے کی دھمکی دی، آخرکار خاتون صحافی کو فون نمبر تبدیل کرنا پڑا۔

دوسری جانب فیصل ایدھی نے ایسے کسی بھی واقعے کی سختی سے تردید کر دی ہے اور کہا کہ عروج ضیاء کو نہیں جانتے، انٹرنیٹ سے ہی ان کے بارے میں پتہ لگا۔ فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ وہ می ٹو مہم کے حق میں ہیں لیکن اگر می ٹو مہم کو کسی کی کردار کشی اور بے بنیاد الزامات لگانے کے لیے استعمال کیا گیا تو یہ خود اس مہم کے لیے نقصان دہ ہوگا۔