لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرِعام پھانسی دینے کیلئے درخواست سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے ہوم سیکرٹری پنجاب سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ میں زینب قتل کیس کے مجرم عمران کو سرعام پھانسی دینے کیلئے درخواست کی سماعت ہوئی۔ اس موقع پر زینب کے والد اور دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ مجرم عمران کو سرِعام پھانسی دینے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست سماعت کیلئے منظورکر لی اور ہوم سیکرٹری پنجاب سے کل وضاحت طلب کر لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: زینب قتل کیس: مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائیگی
خیال رہے کہ زینب قتل کیس کے مجرم کے ڈیتھ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں، مجرم عمران کو رواں ماہ 17 اکتوبر کو پھانسی دی جائے گی، مجرم کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت سنائی گئی تھی۔
لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج شیخ سجاد احمد نے مجرم عمران کے ڈیتھ وارنٹ جاری کیے۔ مجرم عمران کو 17 اکتوبر کو سینٹرل جیل لاہور میں تختہ دار پر لٹکایا جائے گا۔ پراسکیوٹر عبدالرؤف وٹو نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو دلائل دیئے۔
مجرم عمران کو مجموعی طور پر 21 بار سزائے موت سنائی گئی تھی۔ عدالت نے کائنات بتول کیس میں مجرم کو 3 بار عمر قید اور 23 سال قید کی سزا سنائی۔ مجرم کو 25 لاکھ جرمانہ جبکہ 20 لاکھ 55 ہزار دیت ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔