اسلام آباد: (دنیا نیوز) کشمیریوں کی ٹارگٹ کلنگ پر پاکستان نے اقوام متحدہ کا کمیشن آف انکوائری بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پتہ چلنا چاہیے کہ بھارت اپنے غاصبانہ قبضے کے لئے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت کشمیر میں طاقت کے ذریعے زیادہ دیر تک قابض نہیں رہ سکتا، کشمیری آزادی سے کم کسی سمجھوتہ کے لئے تیار نہیں ہیں۔
وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے اپنے طرز عمل سے ثابت کیا کہ وہ مذاکرات سے گریزاں ہے، مودی سرکار نے علاقائی امن پر اپنی داخلی سیاست کو ترجیح دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کے لئے سنجیدہ مذاکرات کے لئے تیار ہے، عالمی برادری بھارت کا ہاتھ روکے اور اسے مذاکرات پر مجبور کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ کشمیر جنوبی ایشیا کا سلگتا مسئلہ ہے جسے طاقت سے دبایا نہیں جا سکتا، کشمیریوں نے اپنی پرامن جدوجہد سے ثابت کیا کہ وہ پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں ہیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجود حکومت مسئلہ کشمیر پر سنجیدہ اور یکسو ہے، ہم اپنا بنیادی اور اصولی کردار ادا کرتے رہیں گے۔