پاکستان کوارٹرز میں وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر آپریشن روک دیا گیا

Last Updated On 24 October,2018 04:32 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان کوارٹرز میں وزیراعلی سندھ کی ہدایت پر آپریشن روک دیا گیا، پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، واٹرکینن، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی گئی، جھڑپوں کے دوران متعدد افراد زخمی ہوئے، کئی کو حراست میں بھی لے لیا گیا۔

 کراچی کے علاقے گارڈن میں واقع پاکستان کوارٹرز بنا میدان جنگ بن گیا، پولیس سرکاری گھروں سے مکینوں کی بے دخلی کیلئے پہنچی تو مکینوں کی جانب سے مزاحمت کی گئی، جس پر جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا، خواتین بھی پیش پیش رہیں۔

پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے مظاہرین پر آنسوگیس کے شیل برسائے، لاٹھی چارج بھی کیا اور مظاہرین کو واٹر کینن سے دھو دیا۔ پولیس کے ایکشن کے بعد مظاہرین بپھر گئے اور بھرپور ری ایکشن دیا، پتھر برسائے، دوبدو لڑائی میں کبھی مظاہرین حاوی نظر آئے تو کبھی پولیس، جھڑپوں کے دوران پولیس کے ہتھے جو آیا اسے پکڑ کر گرفتار کرلیا۔

جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوئے جس میں پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، فاروق ستار بھی اس موقع پر موجود تھے اور معاملے کو مذاکرات سے حل کرانے کی کوشش کی۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو فوری طور پر ہٹنے کا حکم دیا۔

پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان پاکستان کوارٹر پہنچے تو مکینوں نے پتھراؤ کیا، جس کے باعث وہ واپس جانے پر مجبو ر ہوگئے۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ نے کہا پاکستان کوارٹرز کی جگہ سندھ حکومت نہیں، وفاق کی ہے، امن وامان قائم رکھنے کیلئے پولیس کو پیچھے ہٹنے کا حکم دیا۔ وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے احکامات پر پولیس نے آپریشن روک دیا، تاہم مظاہرین کا غصہ ٹھنڈا نہ ہوسکا۔

یاد رہے رہے سرکاری گھروں سے بے دخلی کے لیے ممکنہ آپریشن کے خلاف رات گئے پاکستان کوارٹرز کے علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔ احتجاج میں مرد بچوں اور خواتین نے شرکت کی۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا تو سیاسی رہنما بھی علاقہ مکینوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستان کوارٹرز پہنچ گئے۔ ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار، کنور نوید جمیل اور عامر خان نے گھر خالی نہ کرنے کا مطالبہ کیا۔

فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سرکاری کوارٹر خالی کرانا موجودہ حکومت کے ہی خلاف سازش ہے۔ عامر خان کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان کوارٹر کے مکینوں کے ساتھ کھڑے ہیں، چیف جسٹس سے اپیل کرتے ہیں کہ فیصلے پر سوموٹو لیں۔

پی ٹی آئی کے ایم پی اے جمال صدیقی احتجاج میں پہنچے تو مظاہرین حکومت مخالف نعرے بازی شروع کر دی، مظاہرین کا کہنا ہے کہ ان کے پاس مالکانہ حقوق کے سرٹیفیکیٹ موجود ہے۔ پاکستان کوارٹر کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ایسی تبدیلی نہیں چاہیے ہم نے اس لیے ووٹ نہیں دیا تھا کہ گھروں سے نکال دیئے جائیں۔