کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے عدالتِ عظمیٰ کے حکم پر بنائی گئی جے آئی ٹی سے عدم تعاون کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سے مکمل تعاون کر رہے ہیں، کسی ٹاسک فورس سے کوئی مسئلہ نہیں ماضی میں بھی بنتی رہی ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کی ٹاسک فورس کی کوئی اہمیت نہیں، وفاقی حکومت سندھ میں کام کرنا چاہتی ہے تو خوش آمدید، سندھ کو تو شکایت ہی یہ ہے کہ وفاق نے اسے نظر انداز کیا ہوا ہے۔
وزیرِاعلیٰ سندھ نے نے اس موقع پر وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو پانی کے والوو کھولنے کا کام آتا ہے تو وہ واٹر بورڈ سے کہہ کر اسے میرٹ پر یہ کام دلوا سکتے ہیں۔
منی لانڈرنگ کی تحقیقات کے لیے بنائی جانے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے حکومت سندھ کے تعاون نہ کرنے کی شکایت کے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے، وہ جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سے مکمل تعاون کر رہے ہیں۔