اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے دہری شہریت اور دیگر تفصیلات چھپانے پر تحریک انصاف کی تین خواتین ارکان قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے ملائکہ بخاری، تاشفین صفدر اور کنول شوزب کی نااہلی کے لیے عبداللہ نامی شہری کی درخواست پر سماعت کی۔
عدالت کے استفسار پر درخواست گزار کے وکیل احمد رضا قصوری نے موقف اختیار کیا کہ تحریک انصاف کی دو ارکان قومی اسمبلی نے اپنی دہری شہریت چھپائی جبکہ تیسری نے ہائیکورٹ میں غلط معلومات دیں۔
کاغذاتِ نامزدگی کی آخری تاریخ تک ملائکہ بخاری کی دہری شہریت تھی جبکہ تاشفین صفدر نے بھی دہری شہریت کے حوالے سے معلومات چھپائیں۔ کنول شوزب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ووٹ تبدیلی کے دوران غلط بیانی کی۔
آئین کے آرٹیکل باسٹھ اور تیرسٹھ کے تحت ممبران کو نااہل کیا جائے۔ عدالت نے تینوں اراکین قومی اسمبلی اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔