اسلام آباد: (دنیا نیوز) نیب کی جانب سے جن شخصیات کیخلاف تحقیقات کی جا رہی ہے ان میں سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شوکت عزیز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، پرویز خٹک، سابق صوبائی، وفاقی وزرا اور دیگر شامل ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی اسلام آباد اور ملک کے دیگر صوبوں میں اہم شخصیات کے خلاف کرپشن تحقیقات جاری ہیں جن کی فہرست دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔
نیب کی فہرست کے مطابق سابق وزرائے اعظم نواز شریف، شوکت عزیز، وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، سابق وزیرِاعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک، سابق وزرائے علیٰ بلوچستان ثنا اللہ زہری اور اسلم رئیسانی کے خلاف کرپشن تحقیقات جاری ہیں۔
نیب کے مطابق خیبر پختونخوا اور سندھ میں 19، 19 پنجاب میں 20 اور بلوچستان میں 9 اہم شخصیات کے خلاف کرپشن تحقیقات جاری ہیں۔ اسلام آباد میں 3 افراد کے خلاف کرپشن کیسز کی تحقیقات جاری ہیں جن میں ڈاکٹر طارق فضل چودھری اور انجم عقیل شامل ہیں۔