اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے صاف پانی کیس میں شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 10 نومبر تک توسیع دے دی، شہبازشریف نے راہداری ریمانڈ میں بھی تفتیشی افسر کی جانب سے پوچھ گچھ کا شکوہ کیا۔
صاف پانی کیس میں راہداری ریمانڈ مکمل ہونے پر شہباز شریف کو اسلام آباد کی احتساب عدالت پیش کیا گیا۔ نیب کی جانب سے شہباز شریف کے راہداری ریمانڈ میں 12 نومبر تک توسیع کی استدعا کی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے شہباز شریف کا 10 نومبر تک راہداری ریمانڈ منظور کر لیا۔
عدالت نے اس سے قبل 7 روزہ راہداری ریمانڈ منظور کیا تھا۔ احتساب عدالت پیشی پر شہباز شریف نے شکوہ کیا کہ راہداری ریمانڈ کے دوران تفتیشی افسر پوچھ گچھ کرتے رہے ہیں، عدالتی آرڈر شیٹ میں بھی یہ بات لکھی جائے، شہباز شریف نے کہا کہ ابھی تک مجھے نہیں بتایا گیا کہ کرپشن کہاں ہوئی ہے۔