اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب نے سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے بھائی جاوید اشرف کی نیب حکام کو سنگین دھمکیوں پر سخت نوٹس لیتے ہوئے قانونی چارہ جوئی کا حکم دے دیا ہے۔
سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کی بیرون ملک جانے کی کوشش بھی ناکام بناتے ہوئے ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔
نیب اعلامیہ کے مطابق راجا پرویز اشرف کے بھائی راجا جاوید اشرف نے عوامی اجتماع میں نیب حکام کو سابق وزیراعظم کے خلاف کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں جس پر چیئرمین نیب نے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین نیب کا کہنا ہے کہ نیب کو لوٹی گئی رقم برآمد کر کے قومی خزانے میں جمع کرانے کا منیڈیٹ ہے جس پر رکاوٹیں ڈالنے والے اور دھمکیاں دینے والوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی جائے گی۔
دوسری جانب سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے بیرون ملک جانے کی کوشش بھی ناکام بنا دی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے راجا پرویز اشرف کی ای سی ایل سے نام نکالنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔
راجا پرویز اشرف رینٹل پاور کرپشن کیسز اور نندی پور سکینڈل سمیت بارہ ریفرنسز میں نامزد ملزم ہیں جس پر نیب نے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔