پاکستانی بینکوں سے پیسہ چوری ہونے کی رپورٹ طلب کر لی، رحمان ملک

Last Updated On 08 November,2018 11:01 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمن ملک نے کہا ہے کہ پاکستانی بینکوں سے ڈیٹا اور پیسہ چوری کے حوالے سے گورنر سٹیٹ بینک اور ڈی جی ایف آئی اے سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ ہیکرز نے مختلف پاکستانی بینکوں کا ڈیٹا ہیک کر لیا ہے ان بینکوں سے پیسہ چوری ہونے کی اطلاعات ہیں، اس حوالے سے سینٹ کی داخلہ کمیٹی نے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ وہ اس بات کی تحقیقات کریں کہ ہیکرز سے بچنے کے لئے ان بینکوں کے پاس ضروری وسائل موجود تھے اور ان کو زیر استعمال لایا گیا۔

سینیٹر رحمن ملک نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی نے مودی کے خواب چکنا چور کئے ہیں، پاکستان کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حق میں ایک بار پھر مہم شروع کرے اور اپنے دوست ممالک کو ساتھ ملا کر پاکستان اس معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھائے۔