کراچی: (دنیا نیوز) کلفٹن میں 2 بچوں کی ہلاکت کے معاملے پر سیل کیے گئے ریسٹورنٹ کی انتظامیہ نے ازخود سیل توڑ دی، انتظامیہ کی جانب سے ریسٹورنٹ میں کھانے پینے کے سامان نکالنے کی کوشش پر سندھ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، ریسٹورنٹ انتظامیہ نے گودام سے سامان منتقل کر دیا، ملازم کو گرفتار کر لیا گیا۔
دوسری جانب کراچی میں دو معصوموں کی موت کے حوالے سے تفتیشی ادارے تا حال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے۔ کیس کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ تقریبا 300 افراد نے اسی ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا لیکن کسی ہسپتال میں فوڈ پوائزن کا مریض نہیں لایا گیا۔
مقدمے کے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ واقعے کے دن ریسٹورنٹ کی سیل 2 لاکھ 86 ہزار روپےتھی۔ تقریبا 300 افراد نے واقعے کے دن ریسٹورنٹ سے کھانا کھایا۔ تفتیشی افسر کے مطابق شہر کے تمام ہسپتال چیک کئے لیکن 300 میں سے کسی کو فوڈ پوائزن نہیں ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ خاندانی امور سمیت دیگر عوامل پر تفتیش کر رہے ہیں، تا ہم گھر کو سیل نہیں کیا گیا، تمام شواہد اکھٹے کر لئے ہیں۔ تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں زیرعلاج والدہ کے مکمل صحت یاب ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے، ماں کا بیان اہمیت کا حامل ہوگا جس کے بعد پیشرفت متوقع ہے۔