پشاور: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی اور خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے ایس پی طاہر داوڑ کی میت کی حوالگی پر افغان حکومت کے رویے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔
پشاور کے وزیراعلیٰ ہاؤس میں مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ جو رویہ طورخم بارڈر پر دیکھنے کو ملا تکلیف دہ تھا، افغانستان کو سوچنا ہوگا کہ ایسا رویہ کیوں اپنایا گیا؟ شہید کی نعش کو جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کے حوالے نہ کرنا افسوسناک ہے، شہید کی لاش پر سیاست کھیلی جا رہی تھی، مقصد انتشار پھیلانا تھا۔
پریس کانفرنس میں خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ شہید ایس پی طاہر داوڑ کی میت حوالگی پر جو ہوا وہ افسوسناک ہے، ایک حکومت کا دوسری حکومت سے ایسا رویہ قابل افسوس ہے۔
پریس کانفرنس میں موجود شہید ایس پی طاہر داوڑ کے بھائی احمد الدین نے کہا کہ شہید بھائی نے سروس کے دوران ملک و قوم کی بھرپور خدمت کی، ریاست کے اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ معاملہ کو منطقی انجام تک پہنچائیں۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ افغان حکومت کے ساتھ معاملہ سفارتی سطح پر اٹھائیں گے، وزیراعظم کو اجلاس میں معاملے سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔