ایس پی طاہر خان داوڑ قتل کیس، تحقیقات کیلئے 7 رکنی جے آئی ٹی تشکیل

Last Updated On 16 November,2018 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی پولیس کی سفارش پر افغانستان میں قتل ہونے والے ایس پی طاہر خان داوڑ کے قتل کی تحقیقات کیلئے 7 رکنی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔

دنیا نیوز ذرائع کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن جے آئی ٹی کے سربراہ ہونگے۔ ٹیم میں آئی ایس آئی، آئی بی اور ایم آئی کا ایک ایک نمائندہ، ایس پی اسلام آباد، ایس ڈی پی او شالیمار اور ڈی ایس پی سی آئی ڈی بھی شامل ہیں۔ چیف کمشنر نے جے آئی ٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ اسلام آباد سے اغوا ہونے والے ایس پی طاہر خان داوڑ کی لاش افغانستان سے ملی تھی جسے کل پورے اعزاز وتکریم سے وطن واپس سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔

گزشتہ روز افغان حکام نے طاہر خان داوڑ کی میت دینے سے انکار کر دیا تھا تاہم بعد میں محسن داوڑ اور ان کے بھائی سمیت قبائلی عمائدین کی ٹیم نے میت وصول کی۔ طاہر داوڑ کی میت لینے کے لیے طورخم سرحد پر سرکاری حکام کے ساتھ ساتھ وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی اور ایم این اے محسن داوڑ موجود تھے۔

طاہر خان داوڑ نڈر اور فرض شناس پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے تھے، دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر انہیں محکمہ پولیس کے سب سے بڑے اعزاز قائداعظم پولیس میڈل سے بھی نوازا گیا تھا۔