کراچی: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں اہم اجلاس ہوا، عدالت نے سرکلر ریلوے بحال اور ریلوے کی زمینوں کو واگزار کرانے کا حکم دے دیا۔ شہر قائد میں تجاوزات کیخلاف تیرہویں روز بھی بھرپور آپریشن ہوا ضلع وسطی اور ایمپریس مارکیٹ سمیت صدر میں کارروائیں کی گئیں۔ کے ایم سی حکام نے عملدرآمد رپورٹ تیار کر کے کمشنر کراچی کو ارسال کر دی۔
سپریم کورٹ نے کراچی سرکلر ریلوے کی فوری بحالی کا حکم دیا ہے۔ جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں ریلوے کی زمینوں کو واگزار کرانے کا حکم دیا گیا۔
سپریم کورٹ نے سیاحت کیلئے صدر سے اولڈ سٹی ایریا تک ٹرام لائن کی بحالی کی بھی ہدایت کر دی۔ سپریم کورٹ نے تجاوزات کیخلاف جاری آپریشن کو شہر بھر میں تیز کرنے کی ہدایات کیں۔
دوسری جانب شہر میں تیرہویں روز بھی بھرپورآپریشن جاری رہا۔ صدر ایمپریس مارکیٹ، گلبرگ سمیت ضلع وسطی کے علاقوں میں غیرقانونی دکانیں، سن شیڈز اور تجاوزات مسمار کی گئی۔
سپریم کورٹ کے احکامات پر کے ایم سی حکام نے گرینڈ آپریشن کی رپورٹ کمشنر کراچی کو بھیج دی۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایمپریس مارکیٹ اور داود پوتہ روڈ پر دو ہزار پانچ سو دکانیں چھ آر سی سی بیسمنٹ اور دو منزلہ عمارت مسمار کی گئی ہیں۔
صدر کے دیگر علاقوں میں بھی کارروائیاں کی گئیں۔ جبکہ رینبو سینٹر پر دکانداروں کے احتجاج کے بعد انتطامیہ نے آپریشن موخر کر دیا۔