اسلام آباد: (دنیا نیوز) بیل آؤٹ پیکج پر آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا، آئی ایم ایف کی کڑی شرائط مانی جائیں یا نہیں، حکومت فیصلہ نہ کرسکی۔
بیل آوٹ پیکج کے معاملے پر عالمی مالیاتی ادارہ کڑی شرائط نافذ کرنا چاہتا ہے، مذاکرات کے دوران آئی ایم ایف نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ چین سے مالی معاونت کی تفصیلات فراہم کی جائیں جس پر پاکستان نے چین سے مالی معاونت کی تفصیلات دینے سے صاف انکار تو کر دیا ہے تاہم حکومت فیصلہ نہیں کر سکی کہ کڑی شرائط تسلیم کی جائیں یا نہیں۔
دوسری جانب وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا ہے کہ روپے کی قدر میں مزید کمی کا مطالبہ ماننا بھی مشکل ہے، آئی ایم ایف وفد 22 نومبر کو اپنی سفارشات پاکستان کے حوالے کرے گا جو حتمی سفارشات ہوں گی۔
وزیراعظم کے دورہ ملائشیا سے مزید صورتحال واضح ہو جائے گی، اگر معاشی تعاون کے حوالے سے کوئی معاہدہ ہو جاتا ہے تو آی ایم ایف سے معاملات طے کرنے میں بہتر پوزیشن میں ہو گا۔