پنجاب حکومت کیجانب سے وزراء کے گھروں کی آرائش کیلئے لاکھوں جاری

Last Updated On 20 November,2018 05:06 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے بچت پروگرام کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے گیارہ وزرا کی سرکاری رہائش گاہوں کی تزئین و آرائش کیلئے 72 لاکھ روپے کی منظوری دیدی۔ تزئین و آرائش کے لئے جاری فنڈز مختص فنڈز سے الگ ہیں۔

وزراء کی سفارش پر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے فنڈز منظور کر دئیے۔ صوبائی وزیر حافظ عمار یاسر کے گھر کی تزئین و آرائش کے لئے 8 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی۔ چوہدری ظہیر الدین، سردار حسین بہادر دریش، حافظ ممتاز احمد کے گھروں کے لئے فنڈز منظور کیے گئے۔

محمد محسن لغاری، راجہ راشد حفیظ، محمد بشارت راجہ کی رہائشگاہوں کی تزئین و آرائش بھی ہو گی۔ فیاض الحسن چوہان، ملک محمد انور، ملک نعمان احمد لنگڑیال کی رہائشگاہوں کیلئے بھی فنڈز جاری کیے گئے ہیں۔

محکمہ خزانہ پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ وزراء کے گھروں کی تزئین و آرائش، کابینہ اجلاس میں فنڈز کی منظوری دی گئی ہے جبکہ اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ ایس اینڈ جی اے ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ برسوں میں سرکاری رہائشگاہوں پر سالانہ کروڑوں روپے خرچ ہوتے رہے ہیں لیکن اب اضافی فنڈز جاری کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔