انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے ترجیحات سیٹ کرنا ضروری ہےِ، خسرو بختیار

Last Updated On 23 November,2018 09:42 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے ملک بھر میں انفراسٹرکچر کی ترقی اور اپ گریڈیشن کیلئے ایک جامع حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سی پیک فریم ورک اور پی ایس ڈی پی کے تحت انفراسٹرکچر منصوبوں کا جائزہ کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مخدوم خسرو بختیار نے کہا کہ وزارت منصوبہ بندی 12 ویں پانچ سالہ منصوبہ کو حتمی شکل دینے کے عمل میں ہے اور موثر منصوبہ بندی کے تحت انفراسٹرکچر کی ترقی کیلئے ترجیحات سیٹ کرنا ضروری ہے۔

وفاقی وزیر نے پی ایس ڈی پی کے تحت منصوبوں پر عمل درآمد کیلئے محدود مالیاتی وسائل کے پیش نظر انفراسٹرکچر منصوبوں کی فنڈنگ کیلئے نئے مالیاتی طریقے کار اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اس سے پی ایس ڈی پی پر کم بوجھ پڑے گا اور جاری انفراسٹرکچر منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے فنڈز کی سہولت بھی میسر ہو گی۔ وفاقی وزیر نے موجودہ اثاثوں کا استعمال کر کے آمدنی میں اضافے کیلئے نئے طریقوں کو تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔