اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کو وزارت سمندر پار پاکستانیز کی کارکردگی رپورٹ ارسال کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ای او بی آئی کے بزرگ شہریوں کے لئے پینشن 20 فیصد بڑھا دی گئی ہے۔
رپورٹ معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز زلفی بخاری نے وزیراعظم کو ارسال کی۔ رپورٹ کے مطابق پینشن 5250 سے بڑھا کر 6500 روپے کر دی گئی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لئے نائیکوپ کی شرط ختم کر دی گئی۔ نیا پاکستان کالنگ سے بیرون ملک مقیم کامیاب پاکستانیوں کو حکومت کے محکموں میں کام کرنے کا موقع دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق قطر نے ویزا سینٹرز رواں سال دسمبر میں کھولنے کا وعدہ کیا ہے، ویزا سینٹرز سے پاکستانیوں کے لئے قطر میں ایک لاکھ ملازمتوں کا وعدہ پورا ہو جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کی وزارت کی ویب سائٹ نئے سرے سے بنائی گئی ہے اور وزارت میں ای گورننس ماڈل اور بائیو میٹرک نظام لایا گیا ہے۔ کال سرزمین پورٹل سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی شکایتیں معاون خصوصی تک پہنچائی جا رہی ہیں۔ اس کے علاوہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جان ومال کے تحفظ کے لئے خصوصی عدالتیں قائم کرنے پر کام کیا جا رہا ہے۔