بجلی کی دو تقسیم کار کمپنیوں میں چوری اور لائن لاسز میں اضافہ

Last Updated On 02 December,2018 04:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نئے پاکستان میں بجلی کی دو تقسیم کار کمپنیوں میں چوری اور لائن لاسز میں اضافہ ہو گیا۔ سکھر الیکٹرک پاور کمپنی اور حیدرآباد الیکٹڑک سپلائی کمپنی پرانی روش پر برقرار ہیں۔

وزارت توانائی کے اعدادوشمار کے مطابق ماہ اکتوبر میں مجموعی طور پر چوری اور لائن لاسز میں کمی ہوئی لیکن سکھر الیکٹرک پاور کمپنی اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی پرانی روش برقرار رہی۔ سیپکو میں رواں برس اکتوبر میں بجلی چوری اور لائن لاسز 35 اعشاریہ 70 فیصد تک جا پہنچے، گزشتہ برس اکتوبر میں لائن لاسز اور چوری کی شرح 35 اعشاریہ 60 فیصد تھی جبکہ حیسکو میں بجلی چوری اور لائن لاسز33 سے بڑھ کر 33 اعشاریہ 30 فیصد ہو گئے۔

رپورٹ کے مطابق کویٹہ، لاہور، ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد، اسلام آباد میں تقسیم کار کمپنیوں کے لاسز میں کمی ہوئی، مجموعی طور پر ترسیلی نقصانات 14 اعشاریہ 80 سے کم ہو کر 13 اعشاریہ 30 فیصد رہ گئے۔ سب سے زیادہ کمی پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترسیلی نقصانات میں ہوئی
جو 25 اعشاریہ 10 سے کم ہو کر 21 فیصد رہ گئے۔

لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کے ترسیلی نقصانات 17 اعشاریہ 10 سے کم ہو کر 16 اعشاریہ 30 فیصد رہ گئے، مجموعی ترسیلی نقصانات میں کمی سے ماہانہ ا آمدنی میں ایک ارب روپے کا اضافہ ہوا۔