سابق وزیراعظم نواز شریف کا علاج معالجہ، خزانے سے کروڑوں خرچ ہوئے

Last Updated On 10 December,2018 08:18 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف نے علاج کے لیے برطانیہ جانے اور قیام پر قومی خزانہ کے چھ کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے، وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی میں تفصیلات پیش کر دیں۔

سپیکر اسد قیصر کے زیر صدارت اجلاس میں وزارت خارجہ کی جانب سے تحریری طور پر بتایا گیا کہ 22 مئی 2016ء کو سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے خصوصی طیارے پر برطانیہ کا سفر کیا، طبی علاج کے باعث دورہ برطانیہ طویل ہو گیا، خصوصی طیارہ 29 مئی 2016ء کو پاکستان واپس آیا۔

تحریری جواب میں بتایا گیا کہ طبی علاج کے بعد 9 جولائی 2016ء کو ایک خصوصی طیارہ دوبارہ لندن گیا، اسی دن سابق وزیراعظم کو اس طیارے پر لندن سے پاکستان پہنچایا گیا، طیارے پر 56657 ڈالر اخراجات آئے۔

قومی اسمبلی میں پیش تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کے قیام کے دوران تین لاکھ 27 ہزار 927 ڈالر اخراجات آئے، 9 جولائی 2016ء کو وی وی آپی فلائٹ پر 3 کروڑ 45 لاکھ 27 ہزار روپے کے اخراجات آئے۔