کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں چھ روز کے بعد گیس کا بحران کنٹرول ہوا تو شہریوں نے سکھ کا سانس لے لیا، گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے پٹرولیم غلام سرور خان کے اعلان کے بعد سی این جی سٹیشنز معمول کے مطابق کھل گئے تاہم ہفتے وار تعطل کے سلسلے میں آج رات سی این جی سٹیشنز دوبارہ 24 گھنٹوں کے لئے بند کر دیئے جائیں گے۔ سی این جی سٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں.
چھ دن اذیت میں گزنے کے بعد کراچی والوں کی مشکل آسان ہو گئی، سی این جی سٹیشنز کھل گئے، گیس بحران بالآخر تھم گیا۔ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم کی سوئی سدرن گیس کو یقین دہانی کے بعدسی این جی مالکان نے رات 8 بجے سٹیشنز کھول دیئے۔
جہاں سی این جی سٹیشنز کھولنے کا اعلان ہوا وہیں شہریوں نے اپنی گاڑیوں کے ہمراہ سی این جی سٹیشنز کا رخ کیا، آج صبح صورتحال معمول پر آنے پر شہریوں نے راحت کا سانس لیا اور مستقبل میں حکومت کو گیس بندش سے متعلق حکمت عملی بنانے کا مشورہ بھی دیا۔
ترجمان سوئی سدرن گیس کے مطابق ہفتے وار تعطل کے سلسلے میں آج رات 8 بجے سی این جی سٹیشنز دوبارہ 24 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے جس کے باعث سٹیشنز پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں۔