اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین نیب کے زیر صدارت احتساب بیورو کا اعلیٰ سطح اجلاس، میگا کرپشن کیسز اور تحقیقات میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین نیب جاوید اقبال کے زیر صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں کرپشن مقدمات، انکوائریز اور انوسٹی گیشنز میں پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
نیب اعلامیے کے مطابق 900 ارب روپےکی کرپشن کے 1206 مقدمات مختلف احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں۔ میگا کرپشن کے 179 میں سے 105 مقدمات بھی عدالتوں میں چل رہے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ کرپشن کے 15 بڑے مقدمات انکوائری اور 19 انویسٹی گیشن کے مراحل میں ہیں، 40 مقدمات کو قانون کے مطابق نمٹا دیا گیا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ نیب نے گزشتہ ایک سال کے دوران 1713 شکایات کی جانچ پڑتال، 877 انکوائریز اور 227 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق نیب نے وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے 10 ماہ کا وقت مقرر کر رکھا ہے۔ اسلام آباد میں سٹیٹ آف دی آرٹ فرانزک لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے جس کے ذریعے موبائل ڈیٹا اور فنگر پرنٹس کی شناخت سے مقدمات میں ٹھوس شواہد حاصل کیے جاتے ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین نیب نے دوبارہ اس عزم کا اظہار کیا کہ کرپشن مقدمات کو ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔