لاہور: (دنیا نیوز) فیاض الحسن چوہان نے دعوی کیا ہے کہ نواز شریف نے شہباز شریف کو آصف زرداری سے بچنے کا مشورہ دیا ہے، آصف زرداری نے اپنا نام اٹھارویں اور بلاول بھٹو نے انیسویں ترمیم رکھ لیا ہے۔
پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا شہباز شریف اور نواز شریف کی پارلیمنٹ کی راہداریوں میں کانا پھوسی ہوئی ہے، نواز شریف نے شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ آصف زرداری سے بچ کر رہیں، کیسز کھلے ہیں تو میثاق جمہوریت یاد کر رہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرپشن کا سہرا آل شریف کے سر سجتا ہے، نواز شریف نے چھانگا مانگا اور خرید و فروخت کی سیاست کی ہے، اسفند یارولی، فضل الرحمن اگر ٹھیک ہیں تو ان حالات کا ذمہ دار کون ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ با لواسطہ اداروں سے این آر او مانگا جا رہا ہے، خادم اعلی کے پاس دو تہائی اکثریت تھی لیکن صوبہ نہیں بنایا اب یاد آرہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ بنایا جائے، جنوبی پنجاب صوبہ کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے ایک سال کے اندر اس کو آگے لے کر جائیں گے۔