لاہور: (دنیا نیوز) ملک کے بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں، لاہور سمیت پنجاب کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں صبح کے اوقات میں شدید دھند چھائی رہی جس کے نتیجے میں ٹریفک حادثات بھی پیش آتے رہے، 8 گاڑیاں ٹکرانے سے 6 مسافر زخمی ہو گئے. سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی گیارہ سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آئندہ چند روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
لاہور سمیت پنجاب کے بیشترعلاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹروے، قومی شاہراہیں، چھوٹے بڑے کئی راستے گم ہو گئے، شیخوپورہ کے قریب قلعہ ستار شاہ کے علاقے میں ٹریفک حادثات میں بس سمیت 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں جس کے نتیجے میں 6 مسافر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو قریب ہسپتال منتقل کیا۔
بالائی علاقے سخت سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ دھند کےباعث قومی شاہراہوں اورموٹروے پر ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔ موٹروے پولیس کی جانب سے دھند میں غیر ضروری سفر نہ کرنے اور فوگ لائٹس کے استعمال کی ہدایات کی گئی ہے۔
ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں درجہ حرارت منفی11، قلات منفی 2، کوئٹہ منفی 1، استور منفی 6، اسلام آباد 4، لاہور3 پشاور 2 اور کراچی میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔