شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کابل پہنچ گئے

Last Updated On 24 December,2018 12:11 pm

کابل: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 4 ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں کابل پہنچ گئے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان عمل امن پر تبادلہ خیال کیا گیا، تین روزہ دورے میں وزیر خارجہ، ایران، چین اور روس بھی جائیں گے۔

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا چار ملکی دورہ پہلے مرحلے میں کابل پہنچ گئے، افغان وزارت خارجہ کے سینئر ارکان نے شاہ محمود قریشی کا استقبال کیا۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات میں دو طرفہ تعلقات اور افغان عمل امن پر تبادلہ خیال کیا گیا، افغان وفد کی قیادت وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے کی۔

 تین روزہ دورے میں وزیر خارجہ، ایران، چین اور روس بھی جائیں گے، وزیرخارجہ ان ممالک کی قیادت کیساتھ خطے کے امن و استحکام پر بات کریں گے، بین الاقوامی صورتحال،علاقائی تعاون اور افغان مفاہمتی عمل پر بھی بات ہوگی۔

 روانگی سے قبل شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد خطے میں حالیہ پیش رفت پر دوست ممالک کو اعتماد میں لینا ہے، ہم خطے میں امن و استحکام چاہتے ہیں اور اسی پیغام کو آگے بڑھانا ہے، امن و استحکام اسی صورت ممکن ہے جب خطے کی ساری قوتیں مل کر کام کریں۔

دوست ممالک کی قیادت کیساتھ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، سرمایہ کاری اور باہمی تجارت کے فروغ پر بات ہوگی، پاکستان کی سوچ مثبت اور تعمیری ہے، خطے کو ترقی کی دوڑ میں آگے لے جانا چاہتے ہیں۔ تین روزہ 4 ملکی دورے میں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام بھی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ہمراہ ہیں۔