آئندہ دنوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا

Last Updated On 28 December,2018 05:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں صبح اور رات کے اوقات میں بعض مقامات پر شدید اور ہلکی دھند کا سلسلہ جاری رہیگا۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔ ملک کے بالائی علاقوں میں رات کے اوقات میں موسم شدید سرد اور خشک جبکہ صبح کے اوقات میں کُہر پڑنےکا امکان ہے۔ جبکہ پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں دھند کا راج برقرار ہے، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں ٹکرا گئیں، حادثے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق، بائی پاس پر دھند کے باعث 8 گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں 3 بچیوں سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔ ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ دھند کے باعث گاڑیاں آپس میں ٹکرائیں، ریسکیو 1122 نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا۔ ہسپتال حکام کا کہنا ہے کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، حادثے میں جاں بحق بچیوں کا تعلق چیچہ وطنی سے بتایا جاتا ہے۔