کراچی: (دنیا نیوز) روپے کی قدر میں کمی اور معاشی سست روی کے باعث غیر ملکی کمپنیوں کو پریشانی کا سامنا ہے، منافع 45 فیصد تک کم ہوگیا۔
ملک کے موجودہ سیاسی اور معاشی حالات کے باعث معیشت کا پہیہ سست روی کا شکار ہے، ڈالر کے مقابلے روپیہ بھی مسلسل تنزلی کا شکار ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں کام کرنے والی غیرملکی کمپنیوں کے منافع میں کمی ہوری ہے۔
سٹیٹ بینک کے مطابق نومبر 2018 میں غیرملکی کمپنیوں نے 17 کروڑ ڈالر کا منافع بیرون ممالک منتقل کیا جبکہ گذشتہ سال نومبر میں ان کمپنیوں نے 31 کروڑ ڈالر بیرون ممالک منتقل کیے تھے۔
جولائی سے نومبر 2018 کے دوران غیرملکی کمپنیوں نے 67 کروڑ ڈالرکا منافع بیرون ممالک بھیجا جبکہ گذشتہ سال کے اسی عرصے میں 94 کروڑ ڈالر کا منافع منتقل کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ نومبر 2017 سے نومبر 2018 کے درمیان ڈالر کی قیمت میں 33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔