لاہور: (روزنامہ دنیا) پہلے مرحلے میں 2 مضامین، 2023ء تک مکمل یکساں نصاب پڑھایا جائیگا، 2019ء میں پانچویں کے داخلے نہیں جائینگے۔
محکمہ تعلیم پنجاب نے 2020ء سے یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پہلے مرحلے میں دو مضامین سے یکساں نصاب تعلیم رائج کرنے کا آغاز کیا جائیگا۔ 2019ء سے پانچویں جماعت کے بورڈ امتحان کو بھی ختم کر دیا جائیگا۔
تحریک انصاف کی حکومت کے صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن ڈاکٹر مراد راس کے مطابق 2020ء میں محکمہ تعلیم پنجاب اپنے پاﺅں پر کھڑا ہو جائیگا اور دو مضامین ریاضی اور سائنس سے یکساں نصاب تعلیم کا آغاز کیا جائیگا۔
یکساں نصاب تعلیم کا آغاز نچلی کلاسوں سے ہوگا۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ یکساں نصاب تعلیم کو ایک ہی وقت میں تمام کتابوں پر لاگو کرنا مناسب نہیں، اس کیلئے بھی مانیٹرنگ اور ترتیب کا طریقہ کار بہت ضروری ہے۔
ڈاکٹر مراد راس نے کہا کہ 2020ء تک 2 مضامین اور 2023ء تک مکمل یکساں نصاب تعلیم رائج کر دیا جائیگا۔ دوسری جانب ڈاکٹر مراد راس نے پیک پر عدم اعتماد کا اظہار کیا ہے اور پہلے مرحلہ میں پانچویں کے بورڈ کے امتحان کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
2020ء کیلئے 2019ء میں پانچویں جماعت کے جانیوالے داخلوں کو روکنے کا ارادہ کیا گیا ہے۔ دوسرے مرحلہ میں آٹھویں جماعت کے بورڈ کا امتحان بھی ختم کر دیا جائیگا مگر صوبائی وزیر کا کہنا ہے کہ اس میں کچھ سال لگ سکتے ہیں۔