اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی نے حکومت سے وزیر اعظم عمران خان سمیت تحریک انصاف کے وفاقی و صوبائی وزرا اور رہنمائوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کر دیا۔
پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کے نام خط میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ایسے وفاقی و صوبائی وزرا اور دیگر پارٹی لیڈران کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں جن کے خلاف کرپشن کے الزام میں کوئی تحقیقات ہو رہی ہیں یا ان کے خلاف ریفرنس دائر ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ای سی ایل میں فوری طور پر وزیراعظم عمران خان، وفاقی وزرا پرویز خٹک، فہمیدہ مرزا، مقبول صدیقی اور زبیدہ جلال، وزیراعلیٰ کے پی کے محمود خان،سینئر صوبائی وزیر عاطف خان، پنجاب کے سینئر وزیر علیم خان اور جہانگیر ترین کے نام ڈالے جائیں کیونکہ ان کیخلاف بھی کرپشن تحقیقات جاری ہیں۔
فرحت اللہ بابر کا کہنا ہے کہ اگر جے آئی ٹی رپورٹ پر نام ای سی ایل میں ڈالے جاسکتے ہیں تو پھر تحریک انصاف کے رہنمائوں کے ساتھ بھی ایسا ہی سلوک کیا جائے۔ یہی اصول سب پر برابری کی بنیاد پر لاگو کیا جائے اور کوئی امتیاز نہ برتی جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پیپلزپارٹی کی سی ای سی اجلاس کے فوری بعد پارٹی رہنمائوں کا نام ای سی ایل میں ڈالنا سیاسی انتقام ہے۔
فرحت اللہ بابر نے توقع ظاہر کی ہے کہ سب کے ساتھ مساوی سلوک ہوگا اور تحریک انصاف کے جن لیڈران کے نام خط میں دیئے گئے ہیں ان کے نام بھی فوری طور پر ای سی ایل میں ڈالے جائیں گے۔