172 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ لٹک گیا

Last Updated On 04 January,2019 09:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی رہنماؤں سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ لٹک گیا۔ جے آئی ٹی سربراہ احسان صادق نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کر کے ناموں کی فہرست حوالے کر دی۔ جے آئی ٹی سربراہ کمیٹی نے اجلاس کے لیے تیاری کا بھی وقت مانگ لیا۔

جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) سربراہ احسان صادق نے 172 افراد کی فہرست ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ طارق سردار کے حوالے کی۔ ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی سربراہ نے کہا کہ ناموں کے حوالے سے تیاری کر کے ای سی ایل جائزہ کمیٹی میں پیش ہونا چاہتا ہوں، اس کے لیے مزید وقت دیا جائے۔

ای سی ایل میں شامل ناموں کا جائزہ لینے کے لیے تین رکن کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں جوائنٹ سیکرٹری لا، سیکشن افسر ای سی ایل اور جوائنٹ سیکرٹری ای سی ایل شامل ہیں۔ کمیٹی اجلاس کب ہوگا؟ تاریخ کا تاحال اعلان نہیں کیا جا سکا ہے۔

واضح رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی سفارش پر حکومت نے آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور سابق وزیراعلیٰ قائم علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال رکھے ہیں۔