لاہور: (دنیا نیوز) قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پاکستان، بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات چاہتا ہے، وزیراعظم عمران خان نے کرتارپور راہداری کھول کر محبتوں کے سفر کا آغاز کر دیا۔
بھارتی وکلا کے 32 رکنی وفد نے ایڈووکیٹ پرتاپ سنگھ کی قیادت میں قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویز الہی سے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔
اس موقع پر چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وزیراعظم کا منصب سنبھالتے ہی نریندر مودی سے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کا کہا تھا، اس پر پیش رفت ہونی چاہیے، شاید الیکشن کی وجہ سے نریندر مودی نے مثبت جواب نہیں دیا تاہم پاک بھارت عوام کے درمیان روابط اور تعلقات ضروری ہیں۔
چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ وکلا دونوں ممالک میں موثر حیثیت کے حامل ہیں جو خوشگوار اور برادرانہ تعلقات کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ ہم نے واہگہ بارڈر سے ننکانہ صاحب تک بہترین دو رویہ سڑک تعمیر کی، امرتسر سے لاہور تک دوستی بس کا آغاز کیا، اس طرح کی محبتوں اور پیار کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
پرتاپ سنگھ ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں سے ایک دوسرے کے قریب آنے کا موقع ملے گا اور امن کی امید پیدا ہوگی، لاہور آ کر ایسا محسوس ہوا کہ جیسے ہم اپنے گھر بیٹھے ہیں۔