فیسوں میں کمی کا عدالتی حکم ملک بھر کے نجی سکولوں پر لاگو قرار

Last Updated On 04 January,2019 02:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیسوں میں کمی کے فیصلے کا اطلاق پانچ ہزار سے زیادہ ماہانہ فیس والے تمام پرائیویٹ سکولوں پر ہو گا۔

 

چیف جسٹس آف پاکستان نے سکول فیس میں کمی سے متعلق وضاحت کی ہے جس کے مطابق فیسوں میں کمی کا عدالتی حکم ملک بھر کے نجی سکولوں پر لاگو قرار دے دیا ہے۔

 

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ سکولوں کی فیس میں کمی کا حکم 27 یا 22 سکولوں کیلئے نہیں، پورے ملک کے لئے ہے، عدالتی حکم 5 ہزار سے زائد فیس لینے والے تمام پرائیویٹ سکولوں پرلاگو ہے، کسی کو ابہام ہے تو ہمیں فائل دیں، پڑھ کے سب کو بتا دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ سپریم کورٹ نے 5 ہزار روپے سے زائد فیس لینے والے نجی سکولوں کو فیس میں 20 فیصد کمی کرنے کا حکم دیا تھا جب کہ 5 ہزار یا اس سے کم فیس وصول کرنے والے سکولوں پر عدالتی فیصلے کا اطلاق نہیں کیا گیا۔