اسلام آباد (دنیا نیوز) وفاقی حکومت نے 5 فروری کویوم یکجہتی کشمیرپرعام تعطیل کا اعلان کردیا ہے۔ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے صبح 10بجے ایک منٹ کے لئے خاموشی اختیار کی جائے گی۔
حکومت کی پریس ریلیز کے مطابق رواں سال بھی ملک بھر میں 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر بھرپور ملی جذبے سے بنایا جائے گااور 5 فروری کو ملک بھر میں عام تعطیل ہو گی اور تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی ادارے بند ر ہیں گے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیربنائی جائے گی۔
اس کے علاوہ تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیوں، مذاکروں اورکانفرنسس کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مسئلہ کشمیر کی اہمیت اورکشمیریوں کے حق خود ارادیت کی غرض و غایت اوربھارتی قابض فوج کے نہتے عوام پر ظلم وستم پر روشنی ڈالی جائے گی۔
سالانہ تعطیلات کا شیڈول
وزارت داخلہ نے 2019ء میں آنے والی تعطیلات کی تفصیلات جاری کردی ہیں۔ کچھ تعطیلات کو چاند نظر آنے سے مشروط کیا گیا جبکہ باقی تعطیلات سرکاری سطح پر منائی جائیں گی۔ وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیے جانے والے نوٹیفیکیشن کے تحت 5 فروری 2019ء بروز منگل کو کشمیر ڈے کی تعطیل ہوگی۔
تیئس مارچ 2019ء بروز ہفتہ پاکستان ڈے کی تعطیل ہوگی۔ یکم مئی 2019ء بدھ کے روز لیبر ڈے کی چھٹی ہوگی۔ عیدالفطر کی تعطیلات 5،6،7 جون کو ہوں گی۔ جبکہ عیدالضحیٰ کی تعطیلات 12،13،14 اگست کو ہونے کا امکان ہے۔
یوم آزادی کی تعطیل 14 اگست بروز بدھ کو ہوگی۔ ستمبر کی 9 اور 10 تاریخ کو 9 اور 10 محرم الحرام کی تعطیلات ہوں گی۔عید میلاد النبیﷺ 10 نومبر کو منائی جائے گی اور اس موقع پر عام تعطیل ہو گی ۔ 25 دسمبر بروز بدھ قائد اعظم کی پیدائش اور کرسمس کی تعطیل ہوگی۔ اس کے علاوہ رواں برس 6 مئی بروز پیر اور یکم جولائی بروز پیر بینکوں میں تعطیل ہوگی۔